21 جنوری ، 2016
بغداد ........عراق کے دارالحکومت بغداد میں گذشتہ ہفتے لاپتا ہونے والے تین امریکی شہریوں کو ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا نے اغوا کیا ہے اور اس وقت وہ تینوں اس کے پاس زیر حراست ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق عراق کے دو انٹیلی جنس اور امریکی حکومت کے دو ذرائع نے ان کے مذکورہ ملیشیا کے ہاتھوں اغوا کی تصدیق کی ۔عراقی حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے گذشتہ جمعہ کو ان تینوں کو بغداد کے جنوب مشرقی علاقے الدورہ سے ان کی نجی قیام گاہ سے اغوا کیا تھا۔
2011ء میں امریکی فوج کے عراق سے انخلاء کے بعد امریکی شہریوں کے اغوا کا یہ پہلا واقعہ ہے۔امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے لیے یہ یقین کرنے کا کوئی جواز نہیں کہ ایران اغوا کے اس واقعے میں ملوّث ہے یا ان تینوں کو ایران منتقل کردیا گیا ہے۔
تاہم ایک عراقی ذریعے کا کہنا ہے کہ ان تینوں کو امریکی ہونے کے ناتے اغوا کیا گیا ہے اور اس واقعے کے پیچھے کوئی ذاتی یا مالی وجوہ کارفرما نہیں ہیں۔یہ تینوں امریکی ایک چھوٹی کمپنی کے ملازمین تھے جو امریکی فوج کے ساتھ ایک بڑے ٹھیکے پر جنرل ڈائنامکس کارپوریشن کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔