21 جنوری ، 2016
دمشق........شامی صدر بشار الاسد کے بھائی بریگیڈئر جنرل ماھر الاسد مکاری اور جرائم جیسے معاملات میں اپنے والد حافظ الاسد کے زیادہ بہتر جانشین ثابت ہو رہے ہیں۔
یہ انکشافات ماہر الاسد کی اہلیہ منال جدعان کی بہن مجد توفیق جدعان نے کئے ہیں جو مجد توفیق جدعان شامی حکومت کی شدید ناقد سمجھی جاتی ہیں۔ لندن سے شائع ہونے والے کثیر الاشاعت اخبار القدس کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے مجد توفیق جدعان نے کہا کہ ان کے بہنوئی شامی صدر بشار الاسد سے انتہائی مختلف عادات کے مالک ہیں۔
بشار الاسد دراصل ایک غیر ملکی مارکیٹنگ کمپنی کی تعلیمات پر عمل کر رہے ہیں کہ جس نے انہیں شامیوں میں مقبول بنانے کے لئے مشورے دیئے۔ تاہم شام میں بپا ہونے والے حکومت مخالف عوامی انقلاب کے بعد تمام نقاب اترگئے ، حکمران خاندان کا اصلی وحشت ناک چہرہ عوام کے سامنے آیا۔
حکمران علوی خاندان کے خلاف اعلان بغاوت کرنے والی گھر کی بھیدی مجد جدعان نے ماھر الاسد کی میڈیا سے غیر حاضری کا پردہ چاک کرتے ہوئے بتایا کہ عوامی سطح پر یہی بات مشہور ہے کہ ماھر الاسد قومی سلامتی کے دفاتر میں ہونے والے بم دھماکے میں شدید زخمی ہوئے، جس کے بعد ان کی ٹانگ کاٹنا پڑی۔
مجد کے بقول بشار الاسد کی حیثیت پورے منظر نامے میں ایک معمولی مہرے کی ہے۔ وہ تو اپنی مرضی سے اقتدار سے الگ بھی ہونے کی سکت نہیں رکھتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کام کرنے میں بشار اور ایران ناکام رہے، اس کی تکمیل کی خاطر روس میدان
میں کود پڑا ہے۔