28 جنوری ، 2012
کراچی . . . . . کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 398 میں ایک مسافر کو مبینہ طور پر نشہ کی حالت میں ایئرہوسٹس سے بدتمیزی کرنے پر اے ایس ایف کے حوالے کردیا گیا۔ مسافر خود کو فوج کا بریگیڈیئر بتارہا تھا۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 398 کے پائلٹ کیپٹن طارق علوی نے اس واقعہ کی انتظامیہ کو رپورٹ کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی سے پرواز کرتے ہی ایک مسافر نے فضائی میزبان کے ساتھ بد تمیزی کرنے کی کوشش کی۔ مسافر سمجھانے پر بھی باز نہ آیا اور طیارے میں غل غپاڑہ شروع کردیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق ایک موقع پر صورتحال اس قدر خراب ہوگئی کہ پائلٹ نے طیارہ نوابشاہ یا ملتان میں اتارنے کی اجازت طلب کرلی، اس موقع پر پائلٹ کو لاہور میں ہی لینڈ کرنے اور اے ایس ایف کو واقعہ کی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ پائلٹ کی رپورٹ میں مسافر ظفر اقبال پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے اپنے آپ کو فوج کا بریگیڈیئر ظاہر کیا۔ پی آئی اے کے میڈیا ایڈوائزر طاہر خلیق کے مطابق مسافر کا نام بریگیڈیئر ظفر اقبال ہے جسے بعد میں سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا گیا ہے