01 جون ، 2012
لاہور… مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئی بھی پارٹی دوسرے کے خلاف سخت الفاظ استعمال کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔ تاہم گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ملاقات نے سب کو حیران کر کے رکھ دیا۔ گورنر ہاوٴس لاہور میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمر عطا بندیال کی تقریب حلف برداری تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی شرکت کی دعوت ملی۔ جیسے ہی شہباز شریف گورنر ہاوٴس پہنچے، گورنر سردار لطیف کھوسہ نے انہیں پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہا۔ دونوں خوشی خوشی گلے ملے۔ یہی نہیں ایک دوسرے کے خلاف آئے روز بیان داغنے والے وزیر قانون راناثناء اللہ اور گورنرلطیف کھوسہ نے بھی کم گرم جوشی نہ دکھائی۔ حلف برداری کی تقریب شروع ہونے سے پہلے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور گورنر لطیف کھوسہ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔ ترجمان گورنر ہاوٴس نے بتایا کہ یہ ملاقات نہایت خوش گوار ماحول میں ہوئی۔ گورنر پنجاب نے شہبازشریف کوپنجاب ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام پر مبارکباد بھی دی۔تجزیہ کار کہتے ہیں کہ یہ ملاقات ایک رسمی مجبوری تھی اس لئے نہیں لگتا کہ یہ سیاسی درجہ حرارت میں کمی کا باعث بنے گی۔