01 جون ، 2012
پشاور…پشاور کے علاقہ یکہ توت چوک میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کرنے والے مظاہرین نے سینئر وزیر بشیر احمد بلور کی گاڑی پرحملہ کردیا۔ جماعت اسلامی پشاور کے زیر اہتمام لوڈشیڈنگ کے خلاف یکہ توت چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرین نے یکہ توت چوک ٹریفک کیلئے بند کردی اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔مظاہرین کا کہناتھا کہ علاقہ میں بیس، بیس گھنٹوں بجلی بند رہتی ہے جس سے وہ پریشان ہیں۔ اس دوران خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور کا قافلہ وہاں سے گزرا تو مظاہرین نے ان کی گاڑی پر دھاوا بول دیا۔ چند مظاہرین ان کی گاڑی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور گاڑی کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔ تاہم گارڈز اور پولیس نے مظاہرین کو قابو کرلیا اور وہ بچ نکلنے میں کامیا ب ہوگئے۔ جس کے بعد مظاہرین اور پولیس میں ہاتھا پائی ہوئی اور مظاہرین پر ڈنڈے بھی برسائے گئے۔