29 جنوری ، 2012
لندن … افغانستان اور برطانیہ نے2014 کے بعد تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط بھی ہوگئے ہیں۔برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تمام نیٹوممالک نے افغانستان سے 2014 تک نکلنے کا معاہدہ بھی کرلیا ہے، انہوں نے کہا کہ انخلا کے بعد افغانستان کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔ لندن میں افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ ملاقات میں برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ طویل المدت شراکت داری اور تعلقات جاری رکھے جائیں گے، کیوں کہ دہشت گردی سے پاک، مستحکم اور محفوظ افغانستان دنیا کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے غیرملکی افواج کی تعداد میں کمی کا انحصار افغان فورسز کی جانب سے علاقے کا کنٹرول سنبھالنے پر منحصر ہے۔ اس موقع پر افغان صدر حامد کرزئی نے کہا کہ برطانیہ افغانستان کا دس سال سے بہترین دوست ہے اور اس نے افغانستان کے لیے قربانیاں دی ہیں، جس کی وہ قدرکرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اور برطانیہ کے درمیان ہونے والے معاہدے سے مستقبل میں افغانستان کی جمہوریت کو فائدہ پہنچے گا۔