02 جون ، 2012
آستانہ … قزاقستان کے صدر نورسلطان نذر بایوف نے جنوب مشرقی سرحد کے قریب15 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آستانہ میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے قزاقستان کے صدر نے کہا کہ میرے خیال میں چند روز قبل جنوب مشرقی سرحد کے قریب موبائل بارڈر چیک پوسٹ پر حملہ دہشت گردی کی کارروائی ہے جو غالباً اندرونی تنازعات کی وجہ سے پیش آیا۔ لیکن فی الحال اس سلسلے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ چند روز قبل چین کی سرحد کے قریب موبائل چیک پوسٹ کے 15 فوجی اہلکار مردہ پائے گئے۔ نامعلوم تخریب کاروں نے چیک پوسٹ کو نذر آتش کر دیا تھا۔ صدر نور سلطان نذوبایوف نے کہا کہ ہلاکتوں کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیشن قائم کر دیا ہے۔