پاکستان
04 فروری ، 2016

آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس

آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس

اسلام آباد......آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شرکت کی، اجلاس میں پاکستان مخالف غیرملکی خفیہ ایجنسیوں اور اُن کے مقامی معاونین کے معاملات پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ خفیہ ایجنسی کے اہلکار تعریف کے حق دار ہیں، پوری قوم کو آئی ایس آئی پر فخر ہے، آرمی چیف نے پائیدار امن کے لیے ملک بھر میں خفیہ آپریشن جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی بیرون ملک سے امداد کی جاتی ہے،ملک میں سہولت کار ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اہم سیکیورٹی اجلاس میں کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج اور خفیہ اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،قوم کو آئی ایس آئی کے افسران اور اہلکاروں پر فخر ہے،سب مل کر ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔

اجلاس کے شرکاء میں وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ شامل تھے۔

اجلاس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردوں کے نیٹ ورکس، ان کے رابطوں، پاکستان مخالف انٹیلیجنس ایجنسیوں اور ان کے سہولت کاروں سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،پاک افغان سرحدی امور سے متعلق مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بات کی گئی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کرنے پر پاک فوج اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کا کردار قابل ستائش ہے، انہی کامیابیوں اور قربانیوں کی بدولت ملک کی سیکیورٹی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے،محفوظ اور خوشحال پاکستان کےلیے دشمن کے ناپاک ارادوں کو شکست دیں گے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی بیرون ممالک سے امداد کی جاتی ہے، ملک کے اندر ان کے سہولت کار موجود ہیں، آپریشن ضرب عضب اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ پائیدار قیام امن ممکن ہو سکے۔

مزید خبریں :