03 جون ، 2012
اسلام آباد… وزیرا عظم یوسف رضا گیلانی نے پیپلز پارٹی پنجاب صوبائی اسمبلی کے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسمبلی بجٹ کارروائی میں شریک ہوں اور بہترین پارلیمانی روایات برقرار رکھیں ۔وزیراعظم نے یہ بات پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی فریال تالپور سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی پنجاب اسمبلی کی بجٹ کارروائی کے دوران غیر پارلیمانی اور غیر جمہوری رویہ اختیار نہیں کرے گی۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے فریال تالپور سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لئے پیپلز پارٹی نے بے شمار قربانیاں دی ہیں ، پیپلز پارٹی غیر جمہوری قوتوں کے دھوکے میں نہیں آئے گی اور جمہوریت کو پٹری سے نہیں اترنے دیا جائے گا۔