03 جون ، 2012
اسلام آباد…پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ اورپیپلزپارٹی دونوں اسٹیٹس کو کی جماعتیں ہیں،اُن سے اتحاد ممکن نہیں۔اگر دونوں جماعتوں کی قیادت مخلص ہے تو بیرون ملک جمع شدہ دولت واپس لائیں۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کی پوسٹ بجٹ نیوز کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ قرض لے کر ملک چلانے کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف برسر اقتدار آکر صدر اور وزیراعظم کے صوابدیدی اختیارات ختم کردے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ کردیا ہے کہ جب کہ ساتھ ہی ایوان صدر کے اخراجات میں 13 کروڑ روپے جبکہ وزیراعظم ہاوس کے اخراجات میں 12 کروڑ روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔عمران خان کا کہناتھاکہ فوج کے بجٹ کا بھی آڈٹ ہونا چاہئے ، برسراقتدار آ کر فوج سمیت تمام اداروں کے اخراجات کم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ 30 جون کے بعد تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان کے اثاثے پارٹی کی ویب سائٹ پر مہیا ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ ایک طرف وزیراعلیٰ پنجاب لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف انھوں نے چار ،چار وزیراعلیٰ ہاوس بنا رکھے ہیں۔