03 جون ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ کے علاقے سرکی روڑ پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، جوابی فائرنگ سے 2 حملہ آور بھی زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق سرکی روڑ پر واقع عیسیٰ خان گلی میں نامعلوم مسلح افراد نے سیمنٹ کی ایک دکان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دکان میں موجود باپ، بیٹا سمیت 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، حملہ آوروں نے فرار ہوتے وقت وہاں گشت پر موجود 2پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کردی جس سے وہ بھی شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی جہاں سے زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا، جہاں ایک پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 حملہ آور بھی زخمی ہوئے تاہم ان کے ساتھی انہیں اپنے ساتھ رکشے میں لیکر فرار ہوگئے، پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔واضح رہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی آج دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے ہیں۔