03 جون ، 2012
فیصل آباد … فیصل آباد میں ایلیٹ فورس کی گاڑی نے میاں، بیوی اور 2بچوں کو کچل ڈالا، 7 سالہ بچے کی حالت تشویشناک ہے، مشتعل افراد نے واقعے کے بعد ایلیٹ فورس کی گاڑی کا گھیراوٴ کرلیا۔ پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس کی گاڑی جھنگ روڈ پر ایئر پورٹ کی طرف جارہی تھی کہ قبرستان موڑ کے قریب گاڑی بے قابو ہوکر سڑک کنارے کھڑ ے 4 افراد پر چڑھ گئی جس سے میاں، بیوی اوران کے 2 بچے زخمی ہوگئے ۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 7سالہ بچی کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کے بعد شہری بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہوگئے اور ایلیٹ فورس کی گاڑی کا گھیراوٴ کرلیا اور احتجاج کیا، جس کے بعد ایس ایس پی آپریشن موقع پر پہنچ گئے اور گاڑی کے ڈرائیور کو فوری طور پر معطل کرکے اس کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا، جس کے بعد لوگ منتشر ہوگئے۔