04 جون ، 2012
لاہور… بجلی کے شارٹ فال میں آج پھر اضافہ ہو گیا ہے اور شارٹ فال بڑھ کر 5547میگاواٹ ہو گیاہے۔ پیپکونے اس کی وجہ تربیلا اور منگلا ڈیموں سے پانی کے اخراج میں کمی کو قرار دیا ہے۔ دوسری جانب بدترین لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی نہیں آئی،جس کی وجہ سے لوگ شدیدگرمی میں بلبلا اٹھے ہیں۔ پیپکو ترجمان کے مطابق بجلی کی پیداوار 11913 اور طلب 17460 میگاواٹ ہے۔اس میں ہائیڈل پیداوار 4608 میگاواٹ،تھرمل 1483 اور آئی پی پیز کا 5892میگاواٹ ہے،کے ای ایس سی کو 710میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے،پیپکو ترجمان کے مطابق بجلی کی پیداوار میں کمی کی وجہ تربیلا اور منگلا ڈیموں سے پچھلے سال کی نسبت پانی کا کم اخراج ہے،دوسری جانب بدترین لوڈشیڈنگ نے شدیدگرمی میں لوگوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے اور بہت سے علاقوں میں لوگ تمام دن پانی کو بھی ترستے رہتے ہیں،لاہورسمیت بڑے شہروں میں 12سے14گھنٹے اورچھوٹے شہروں اور دیہات میں 20 سے 22گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔