پاکستان
04 جون ، 2012

اسحاق ڈار نے سینیٹ میں بجٹ 2012-13ء پر بحث کا آغا زکردیا

اسحاق ڈار نے سینیٹ میں بجٹ 2012-13ء پر بحث کا آغا زکردیا

اسلام آباد … مسلم لیگ ن نے سینیٹ میں بجٹ 2012-2013ء پر بحث کا آغاز کردیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ملک کا اہم مسئلہ توانائی بحران ہے، بجلی کی قلت پر قابو پانے کیلئے مختصر اور طویل مدتی منصوبوں پر کام کی ضرورت ہے، اس مقصد کیلئے 60 ارب روپے کی مختص رقم ناکافی ہے۔ سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین صابر بلوچ کی زیر صدارت ہوا، جس میں اسحاق ڈار نے بطور اپوزیشن لیڈر آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث کا آغاز کیا اور مسلم لیگ ن نے وزیر اعظم کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پہلی مرتبہ سینیٹ میں احتجاج نہیں کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے اجلاس میں 80 سے 90 فیصد رہنماوٴں کا خیال تھا کہ مسلم لیگ کو بجٹ پر بحث کا آغاز نہیں کرنا چاہئے مگر وہ سمجھتے ہیں کہ عوامی مسائل اجاگر کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک صوبہ واپڈا کا 50 ارب کا مقروض ہے، حکومت قابل تقسیم محاصل سے واجب الادا رقم کاٹ کر واپڈا کو ادا کرے تاکہ اسے وسائل حاصل ہوں، پاکستان کے پاس آبی وسائل (ہائیڈل پاور) سے ایک لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے،بجٹ میں بجلی کی قلت دور کرنے کیلئے 60 ارب روپے کی رقم ناکافی ہے، مزید وسائل فراہم کئے جائیں۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ملک میں بھر میں یکساں زرعی ٹیکس نافذ کیا جائے، مسلم لیگ اس عمل کی مکمل حمایت کرے گی، پیٹرولیم لیوی اور نوٹ چھاپ کر بجٹ خسارہ دور کرنے کی کوشش افسوسناک ہے۔ اب سینیٹ کا اجلاس کل شام ساڑھے 4بجے ہوگا۔

مزید خبریں :