22 فروری ، 2016
فیصل آباد......فیصل آباد پولیس نے پتنگ بازی کیلئے خطرناک دھاتی ڈور تیار کرنے والے 6 کارخانے سیل کردیے،5خواتین کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
گھروں میں قائم کارخانوں کے اندرخطرناک ڈوریں تیار کرنے والے ملزمان تو بھاگ نکلے تاہم ان کی خواتین اور پولیس کے درمیان دو گھنٹے تک آنکھ مچولی ہوتی رہی، پولیس نے اس دوران 5 خواتین کو گرفتار بھی کرلیا۔
فیصل آباد کاعلاقہ مدھن پورہ جنگ کا میدان کا منظر پیش کرنے لگا جب وہاں پتنگ بازی کے لیےخطرناک ڈور تیارکرنے والوں کے خلاف پولیس کاکریک ڈاؤن شروع ہوا، اس دوران پولیس نےبڑی مقدارمیں پتنگیں اور خطرناک دھاتی ڈور برآمد کرلی۔
کارروائی کے دوران گھروں میں قائم کارخانوں کے مالکان تو بھاگ کھڑے ہوئے مگر ان کی خواتین پولیس کے آڑے آگئیں، پہلے تلخ کلامی اور شور شرابا ہوا، پھر نوبت پتھراؤ تک جا پہنچی۔
پولیس نے پتھراؤ کا جواب شیلنگ سے دیا، لڑائی دو گھنٹے تک جاری رہی،بعد میں پولیس نے 5 خواتین کوحراست میں لیکرتھانے منتقل کردیا۔ گرفتاری سے پہلے خواتین نےالزام لگایا کہ پتنگ کی ڈور بنانے کےلیے تھاناگلبرگ کی پولیس ان سے بھتہ وصول کرتی تھی۔
ڈی ایس پی عابد ظفر نےخواتین کے الزام پر تحقیقات کی یقین دہانی کرائی،پولیس حکام کاکہناہےکہ گرفتارکی گئی خواتین پرمقدمے درج کیے جائیں گے۔