26 فروری ، 2016
نیویارک ......فیس بک پر سالگرہ کی مبارک باد دینا آج کل ٹرینڈز میں سے ایک ہے ، اگر کوئی دوست سالگرہ کادن بھول جائے تو فیس بک اس معاملے میں خاصا مدد گار ثابت ہو تا ہے۔
فیس بک نےاپنے دوستوں کو مبارکباد دینے کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کر ا دیا ہے، جس کے ذریعے 15سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں آپ اپنے دوست کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کر سکیں گے۔
فیس بک اگلے چند روز میں’برتھ ڈے کیم‘متعارف کرارہا ہے، جس پر آپ اپنے دوستوں کے لیے 15 سیکنڈ کی تہنیتی ویڈیو ریکارڈ کرکے اپنے دوست کوسالگرہ کی مبارک باد دے سکتے ہیں، اس کے علاوہ آپشن میں بنے بنائے فریمز ، ٹیکسٹ اور پس منظر موجود ہیں، جنہیں ویڈیو میں شامل کرکے انہیں مزید دلچسپ بنایا جاسکتا ہے۔
ویڈیو پیغام کیلئے جب آپ سالگرہ کے نوٹیفکیشن پر کلک کرینگے تو میسج باکس کھل جائیگا لیکن اس کے نیچے نیلے رنگ میں’ویڈیو برتھ ڈے ریکارڈ‘ لکھا ہوآئیگا،جسے کلک کرتے ہی اسمارٹ فون کا کیمرا کھل جائیگا اور ریکارڈنگ شروع ہوجائیگی۔
ویڈیو پیغام ریکارڈ کرنے کے بعد آپ سوائپ کرکے بہت سے فریمز، کلر اسکیم اور رنگا رنگ اشیا سے ویڈیو کو مزید خوبصورت بناسکتے ہیں۔
فیس بک کے مطابق صارفین اپنے دوستوں کو بہت مختصرا پیغام لکھتے ہیں جس کی ایک مثال HBD بھی ہے اور اسی بنا پر یہ ویڈیو آپشن شروع کیا گیا ہے تاکہ لوگ بھرپور انداز میں دوستوں کو مبارک باد دے سکیں۔