Time 05 جون ، 2025
پاکستان

پاکستان میں 6 رکنی خاندان کو بنیادی سہولیات کیلئے ماہانہ 75 ہزار روپے سے زائد درکار ہوتے ہیں، رپورٹ

پاکستان میں 6 رکنی خاندان کو بنیادی سہولیات کیلئے ماہانہ 75 ہزار روپے سے زائد درکار ہوتے ہیں، رپورٹ
فوٹو: فائل

انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کا کہنا ہےکہ پاکستان میں لاکھوں مزدوروں کو کم اجرت کے باعث اپنے خاندان کو کھانا کھلانے یا بجلی کا بل ادا کرنے جیسے مشکل فیصلوں کے درمیان چُناؤ کرنا پڑتا ہے، حکومت کو بجٹ  میں مزدوروں کے حقوق کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

"بقاء سے وقار تک: زندہ اجرت کا مقدمہ" کے عنوان سے جاری ایچ آر سی پی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ایک 6 رکنی خاندان کو خوراک، رہائش، یوٹیلیٹیز، صحت کی سہولیات اور تعلیم کی فراہمی کے لیے ماہانہ 75 ہزار روپے سے زیادہ درکار ہوتے ہیں۔لیکن اس کے باوجود لاکھوں مزدور اس سے کہیں کم کماتے ہیں اور انہیں اپنے خاندان کو کھانا کھلانے یا بجلی کا بل ادا کرنے جیسے مشکل فیصلوں کے درمیان چُناؤ کرنا پڑتا ہے۔

ایچ آر سی پی کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ہم صرف کم از کم اجرت نہیں بلکہ ایک با وقار اجرت (Living Wage) کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے آرٹیکل 23 سے بھی یہ مؤقف تقویت پاتا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ"ہر کام کرنے والے کو ایسی منصفانہ اور موافق اجرت کا حق حاصل ہے جو اسے اور اس کے خاندان کو انسانی وقار کے مطابق زندگی گزارنے کی ضمانت دے۔"

رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت نئے مالی سال کا  بجٹ پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے، ہمارا مؤقف ہے کہ اجرتوں میں اس اصول کی جھلک ہونی چاہیے،کُل وقتی کام کرنے والے افراد کو ایسی زندگی گزارنےکا حق ہونا چاہیے جس میں تحفظ، صحت اور اُمید شامل ہو۔

مزید خبریں :