06 جون ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بحریہ ٹاوٴن کا ڈی ایچ اے کے ساتھ معاہدہ سپریم کورٹ میں لایا جائے، وہ اس بارے میں حقائق فراہم کریں گے، ان کا کہنا ہے کہ ملک ریاض نے حرام پیسے سے جسے بھی خریدا، اسے بے نقاب ہونا چاہئے۔ انہوں نے یہ باتیں پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیں۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے بیٹے کو پیسے دیئے یا نہیں، جائز ہے یا ناجائز اس کا فیصلہ عدالت میں ہوگا۔ انہوں نے ملک ریاض کی طرف اشارہ کرتے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جس نے حرام پیسے کے بے دریغ استعمال سے اہم حکومتی اداروں اور افراد کو خریدنے اور ان کے کام پر اثر انداز ہونے کا ریکارڈ قائم کیا، اس بات کی تحقیقات بھی ہونی چاہئیں کہ ایم ای ایس کا معمولی کلرک چند سالوں میں کیسے ارب پتی بنا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرویز مشرف اور پرویز الٰہی کے بعد اب آصف زرداری کا پروردہ ہے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اس نے جن سیاستدانوں، قانون دانوں، وکلاء، ججز، جرنیلوں، حکمرانوں اور میڈیا کو خریدا، وہ سب عوام کے سامنے آنا چاہئے، اگر اس نے چیف جسٹس کے بیٹے کو ٹریپ کر کے بلیک میل کیا تو اس سے بڑا جرم اور کیا ہو گا۔