11 مارچ ، 2016
کراچی…پاکستان ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے بھارت جائے گی یا نہیں؟ یہ معمہ اب تک حل نہ ہوسکا لیکن بھارتی سیاسی جماعتیں آمنے سامنے آگئی ہیں،سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی سیکیورٹی پر کانگریس، وزیراعلیٰ ہماچل پردیش کے بیان کاجواب دے جبکہ وزیر اعلیٰ ہما چل پردیش کہتے ہیں پاک بھارت میچ کی سیکیورٹی دینے سے کبھی انکار نہیں کیا۔راجیو شکلا نے کہا پی سی بی کو کیا تحفظات ہیں؟سیکیورٹی کی ضمانت میں دیتا ہوں۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ،سیاست کی نظر ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور یہ سیاست بھارت کی دونوں حکمران جماعتیںکررہی ہیں، بی جے پی کی وفاق میں حکومت ہے تو کانگریس کا طوطی ہما چل پردیش میں بولتا ہے، ایک دونوں جماعتیںایک دوسرے پر الزامات پر الزامات کی بوچھاڑ کررہی ہیں۔
بی جے پی کے رہنما اور بھارتی بورڈ کے سیکریٹری انوارگ ٹھاکر کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ ہماچل پردیش کےبیان کی وجہ سےپاکستان کوبھارت کی سیکیورٹی پربات کرنےکاموقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو وزیراعلیٰ ہماچل پردیش کے بیان کاجواب دیناچاہیے۔
کانگریس کا کوئی اور لیڈر تو اس پر کیا بولتا خود وزیر اعلیٰ ویر بہادرا سنگھ نے انوراگ کو آڑے ہاتھوں لیا،ویر بہادرا سنگھ کہتے ہیں کہ پاک بھارت میچ کےلیے سیکورٹی دینے سے کبھی انکار نہیں کیا،بی جے پی کے رہنما اور سیکریٹری بھارتی بورڈ انوراگ ٹھاکر نے معاملہ سیاسی بنا دیا ہے۔پاک بھارت میچ کےلیے ہم نے انکار نہیں کیا،آئی سی سی نے میچ کولکتہ منتقل کیا۔
ویر بہادرا کہتے ہیں کہ ورلڈ ٹوئنٹی میں پاک بھارت میچ کے لیے سیکیورٹی دینے سے کسی مرحلے پر بھی انکار نہیں کیا،اور تمام تر صورتحال سے وزارت داخلہ کو آگاہ بھی کر دیا تھا ۔
ادھر راجیو شکلا نے کہا ہےکہ پی سی بی کو کیا تحفظات ہیں؟انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کی ضمانت میں دیتا ہوں۔