07 جون ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ میں مدرسے کے باہر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 12افراد جاں بحق جبکہ 39افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق آج سہ پہر 3 بجکر 5 منٹ پر سریاب لنک روڈ پر واقع مدرسہ مفتاح العلوم کے باہر اس وقت زوردار دھماکہ ہوگیا جب مدرسہ کے اندر دینی تعلیم مکمل کرنے والے طلباء کی دستار بندی کی تقریب جاری تھی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس میں 2 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ 39 افراد زخمی ہوگئے، دھماکے کی جگہ سے ایک تباہ شدہ سائیکل ملی ہے، جس کے بارے میں پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دھماکے کیلئے اس سائیکل کو استعمال کیا گیا، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں 8 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور فرنٹیئر کور موقع پر پہنچ گئی، دھماکے کے نتیجے میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور قریبی عمارتوں کے شیشیے بھی ٹوٹ گئے۔ ڈی آئی جی پولیس آپریشنز قاضی عبدالواحد نے بتایا کہ دھماکے میں مدرسے کو نشانہ بنایا گیا، 5 سے 6 کلوگرام دھماکہ خیز مواد سائیکل پر نصب کیاگیا تھا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے مدرسے کے قریب دھماکے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔