08 جون ، 2012
پشاور … عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخواکے جنرل سیکریٹری ارباب محمد طاہر خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں روس کیخلاف امریکی جنگ میں جماعت اسلامی نے امریکا کی ذیلی تنظیم کا کردار ادا کیا اور ڈالروں کے عوض 30 لاکھ پختون مسلمانوں کا خون بہایا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری ارباب محمد طاہر نے جماعت اسلامی کے رہنماء شبیر احمد خان کی جانب سے اے این پی کے خلاف ہرزہ سرائی کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ دوسروں پر من گھڑت الزامات عائد کرنے والے اپنے ماضی کو یاد رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی روز اول سے تشدد کی سیاست پر عمل پیرا ہے، جس نے افغانستان میں روس کیخلاف جنگ میں امریکا کی ذیلی تنظیم کا کردار ادا کیا اور ڈالروں کے عوض 30 لاکھ پختون مسلمانوں کا خون بہایا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے انتخابی نشان کتاب کو قرآن پاک ظاہر کر کے سادہ لوح مسلمانوں سے نفاذ شریعت کے نام پر ووٹ لئے لیکن 5 سالو ں میں نفاذ شریعت کیلئے کچھ نہ کیا گیا۔