24 مارچ ، 2016
ماسکو ...........امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ شام میں جزوی جنگ بندی سے تشدد کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے لیکن وہ تشدد کے واقعات میں مزید کمی اور جنگ زدہ علاقوں میں انسانی امداد کی زیادہ ترسیل چاہتے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اپنے دورہ روس کے دوران ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ملاقات میں کہاکہ یہ کہنا درست ہوگا کہ تین ہفتے قبل بہت ہی کم لوگوں کو شام میں جنگی کارروائیوں کے رکنے کا یقین تھا۔
تشدد کے خاتمے کے لیے کوششوں کے نتیجے میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور اس وقت اگرچہ غیر پائیدار جنگ بندی جاری ہے لیکن اس سے تشدد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔واضح رہے کہ امریکا اور روس کے درمیان تین ہفتے قبل شام میں جنگ بندی کے لیے سمجھوتا طے پایا تھا۔
تاہم داعش اور القاعدہ سے وابستہ النصرہ محاذ پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا ہے اور امریکا کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے ان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔