24 مارچ ، 2016
بغداد..........عراق کی مسلح افواج نے شمالی شہر موصل کے نواح میں واقع علاقوں میں داعش کے خلاف بڑی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
انھیں امریکا کی قیادت میں اتحاد کی فضائی مدد حاصل ہے۔عراق کے سرکاری ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے فوج کے ایک بیان میں دعوی کیا گیا کہ داعش کے جنگجوئوں کو متعدد دیہات سے پسپا کر دیا گیا ہے۔داعش کے خلاف آپریشن کے پہلے مرحلے میں یہ کارروائی کی جارہی ہے۔عراقی فوج اس سال کے دوران موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانا چاہتی ہے۔
عراقی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبہ نینویٰ کو آزاد کرانے کے لیے آپریشن فتح کا پہلا مر حلہ جمعرات کو علی الصباح شروع کیا۔ اور متعدد دیہات میں عراقی پرچم لہرا دیے گئے ہیں۔داعش نے موصل پر جون 2014 سے قبضہ کررکھا ہے۔اس وقت اس شہر کی آبادی قریبا بیس لاکھ نفوس پر مشتمل تھی۔
عراق اور شام میں داعش کے زیر قبضہ یہ سب سے بڑا شہر ہے۔عراقی فوج پہلی مرتبہ ان کے خلاف اتنے بڑے پیمانے پر کارروائی کررہی ہے۔مسلح افواج کی مشترکہ آپریشنز کمان کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل یحییٰ رسول نے سرکاری ٹی وی کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ داعش کیخلاف اس کارروائی میں عراقی فورسز اور اتحادی فضائیہ دونوں کا نمایاں کردار ہے۔