24 مارچ ، 2016
واشنگٹن.......... امریکا میں حکام کا کہنا ہے کہ امریکی افواج کی خفیہ معلومات چرانے کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم میں ایک چینی شہری کو مجرم قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق 50 سالہ چینی شہری لڑاکا طیاروں، مال بردار ہوائی جہازوں اور ہتھیاروں کے بارے میں معلومات چرانے والے گروہ میں شامل ہے۔ امریکی محکمہ انصاف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسٹر سیو نے ’مالی فوائد‘ حاصل کرنے کے لیے یہ کام کیا ہے۔
چینی شہری کو 2014ءمیں کینیڈا سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس جرم کی پاداش میں انھیں پانچ سال قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف نے یہ نہیں کہا کہ خفیہ معلومات چرانے میں چین کی حکومت مجرم کے ساتھ تھی تاہم امریکہ نے کئی مرتبہ چین پر اہم معلومات چرانے کا الزام عائد کیا ہے۔
قومی سلامتی سے متعلق نائب اٹارنی جنرل جان کارلن نے کہا کہ اس فیصلے سے پیغام دیا گیا ہے کہ امریکہ اور اس کی کمپنیوں کی معلومات چرانے کی بڑی قیمت ادا کرنا پڑے گی، ہم ایسے جرائم کرنے والوں کو ڈھونڈ نکالیں گے۔
چینی شہری نے تسلیم کیا ہے کہ وہ چین میں دو افراد کی مدد سے اکتوبر 2008 سے مارچ 2014 تک کیلفورنیا میں فوج کو سامان فراہم کرنے والے کنٹر یکٹر کے محفوظ ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتا رہا اور اس نے بوئنگ کی بھی خفیہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔