پاکستان
27 مارچ ، 2016

لاہور خود کش دھماکا،جاںبحق افراد کی تعداد69ہو گئی

لاہور خود کش دھماکا،جاںبحق افراد کی تعداد69ہو گئی

لاہور......لاہور کےگلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکے کے نتیجہ میںجاںبحق افراد کی تعداد69ہو گئی ہے ، تین سو سے زائد زخمیوں میں کئی کی حالت نازک ہے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں آٹھ سے دس کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

خودکش دھماکا پارک میںجھولوں کے پاس کیا گیا،جہاں انسانی اعضاء دور دور تک بکھر گئے،خود کش حملے کے بعد پولیس کے علاوہ پاک فوج کا دستہ بھی پارک پہنچ گیا اور امدادی کاموں میں حصہ لیا۔

لاہور پولیس کے ڈی آئی جی آپریشن حیدر اشرف کے مطابق دھماکا خود کش تھا،خود کش حملہ آور نوجوان تھا جس نے خود کش بیلٹ باندھ رکھی تھی ۔ذرائع کے مطابق صرف جناح اسپتال میں42لاشیں لائی گئیں،جناح اسپتال میں زخمیوں کی بھی بڑی تعداد لائی گئی،اسپتال انتظامیہ نے مزید زخمیوں کو لانے معذرت کی ہے جبکہ خون کے عطیے کی اپیل کی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق خود کش حملہ آوور نے گلشن اقبال پارک کے مرکزی دروازے کے قریب جہاں لوگوں کی بڑی تعداد باہر نکل رہی تھی اپنے آپ کو دھماکے سے اڑالیا ،جاںبحق افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں سمیت پاک آرمی کے جوان بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لےکر جاںبحق اور زخمیوں کو شیخ زید اسپتال،جناح اسپتال ،سروسز اسپتال سمیت قریب واقع اسپتالوں میںمنتقل کرایا۔

لاہور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ شہریوں سے خون کے عطیات کی بھی اپیل کی گئی ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں کئی افراد کی ھالت نازک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں :