28 مئی ، 2016
قومی اسمبلی کے تیسر ے پارلیمانی سال میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کی حاضری 9 دن رہی، عمران خان نے 5 اجلاسوں میں شرکت کی، سابق ا سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا صرف 2 بار حاضرہوئیں۔
جیونیوز کوموصول ہونےوالے ارکان اسمبلی کی حاضری کے ریکارڈ کے مطابق قومی اسمبلی کے تیسرے پارلیمانی سال میں کل 98 دن اجلاس کی کارروائی ہوئی ، دستاویزات کے مطابق سابق ا سپیکر فہمیدہ مرزا نے 96 روز غیرحاضر رہ کر ریکارڈ قائم کیا، حمزہ شہباز شریف 95 روز ایوان سے غیرحاضر رہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 98 میں سے 93 روز، لیڈر آف ہاؤس میاں نوازشریف 89 دن غیر حاضر رہے، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ27 دن، شاہ محمود قریشی 44 دن، مولانا فضل الرحمان 71 روز غیرحاضر رہے۔ شیخ رشید 22 روز، ڈاکٹر فاروق ستار84 روز ایوان سے غیر حاضر رہے۔
وفاقی وزراء کی ایوان میں حاضری کی تعداد بھی کم ہی رہی، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان 63 روز، وزیر دفاع خواجہ آصف54 روز، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق 60 روز جبکہ احسن اقبال64 روز غیرحاضر رہے۔
خواتین ارکان قومی اسمبلی نے مردوں کو حاضری میں مات دے دی، جے یو آئی ف کی عالیہ کامران اورپختون خوا ملی عوامی پارٹی کی نسیمہ حفیظ پانیزئی کی حاضری رہی 100 فیصد رہی ،ن لیگ کی طاہرہ بخاری ، کرن حیدر اور جے یو آئی کی نعیمہ کشور 97 دن اجلاس میں شریک رہیں۔، شیخ آفتاب، میاں عبدالمان اور افتاب شعبان میرانی بالترتیب 96،95 اور 94 دن حاضر رہے۔