پاکستان
31 مئی ، 2016

وزیر اعظم کامیاب آپریشن کے بعدہوش میں آگئے

وزیر اعظم کامیاب آپریشن کے بعدہوش میں آگئے

 


وزیر اعظم میاں نواز شریف کے آج چار بائی پاس ہوئے، لندن میں دل کا کامیاب آپریشن ہوا اور خوشی کی خبر یہ ہے کہ انہیں ہوش آنے لگا ہے۔


وزیراعظم کی اہلیہ اور بچوں کو انہیں دیکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے،میاں نواز شریف کو سرجری کے بعد آئی سی یو منتقل کیا گیا،طبیعت بہتر ہونے پر مصنوعی تنفس ہٹادیا گیا ہے، وہ ہوش میں آگئے ہیں اور ان کا دورانِ خون تسلی بخش ہے، ڈاکٹروں کے مطابق آپریشن میں کسی قسم کی پیچیدگی نہیں آئی،مزید دو دن تک انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے گا۔


وزیراعظم نواز شریف کا لندن کے اسپتال میں کامیاب بائی پاس ہوا، چار گھنٹے ہونے والے اس آپریشن سے تقریباً ایک گھنٹے پہلے وزیراعظم اپنے بیٹے حسین نواز کے گھر سے اہل خانہ کے ساتھ اسپتال پہنچے۔ میاں نواز شریف کو پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً 12بجے آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا اور پھر آپریشن سے متعلق لمحہ بہ لمحہ گزرتی صورتحال سے وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف اپنے ٹوئٹر پیغامات کے ذریعے قوم کو آگاہ کرتی رہیں۔


برطانوی وقت کے مطابق صبح 8بجے وزیراعظم کا آپریشن شروع ہوا اور چار گھنٹے میں وزیراعظم کے دل کی شریانوں کی پیوندکاری کی گئی، جس میں ڈاکٹر کے مطابق کوئی پیچیدگی پیش نہیں آئی اور وہ کامیابی سے مکمل ہوئی،جس پر پاکستانی وقت کے مطابق سوا چار بجے مریم نواز نے ٹویٹ کیا کہ ان کے والد کا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے۔آپریشن ختم ہونے کے بعد وزیراعظم کا مصنوعی تنفس بھی ہٹادیا گیا اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارد میں منتقل کیا گیا، اسپتال ذرائع کے مطابق سرجن بہت خوش ہیں کہ پیوندکاری بالکل ٹھیک ہوئی اور دوران خون تسلی بخش ہے ، وزیراعظم کو مزید دو دن تک انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے گا۔


اسپتال سے باہر آکر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے بھائی شہباز شریف نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف کے چار بائی پاس ہوئے ہیں اور وزیراعظم روبصحت ہیں،وزیراعظم کے کامیاب آپریشن کی خبر سے اسپتال کے باہر تسلی اور خوشی کے جذبات دیکھنے میں آئے، مٹھائیاں بٹیں، مبارکبادوں کا شور اٹھا اور وزیراعظم کے اہل خانہ کے چہروں پر اطمینان نظر آیا۔

مزید خبریں :