پاکستان
05 جون ، 2016

احتساب کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران

احتساب کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران

 


چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کے احتساب کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اقتدار میں آنے کے بعد نوازشریف کی ایک فیکٹری، اٹھائیس فیکٹریوں میں بدل گئی۔


عمران خان نے کوہاٹ میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ اس بار ڈیزل کو ووٹ نہیں دینا بلکہ ٹینک میں ڈالنا ہے، پاکستان کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو لوگوں سے سچ بولے، جس کا جینا مرنا ملک ہو، اثاثے باہر نہ ہوں۔


ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، کرپٹ لیڈر معاشرے کو تباہ کر دیتا ہے،ایماندار لیڈر اسے اچھا بناتا ہے، اقتدار میں آکر فیکٹریاں بنانا کرپشن ہے، پہلے میاں صاحب کی ایک فیکٹری تھی، اقتدار میں بارہ سال رہنے کے بعد میاں صاحب کی 28 فیکٹریاں ہو گئیں۔


انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر ذاتی فائدے اٹھانا کرپشن ہے، مغرب ہم سے اس لئے آگے ہے کیونکہ وہاں کی لیڈر شپ کرپٹ نہیں،لیڈر وہ ہے جو عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے،جتنے بھی وسائل ہوں اگر لیڈرشپ کرپٹ ہو گی تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز میں شریف خاندان کا نام آیا ہے، احتساب کے بغیر ان کو نہیں چھوڑیں گے،اگر وزیر اعظم کا احتساب نہیں کرنا تو پھر جیلوں کو کھول دو، کیوں غریبوں کو جیلوں میں بند کیا ہوا ہے،اگر نواز شریف نے کرپشن نہیں کی تو ن لیگ والوں کو ٹی او آرز سے کیوں ڈر لگ رہا ہے۔


چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جن ٹی او آرز پر نواز شریف کا احتساب ہو، ان ہی پر میرا بھی احتساب کیا جائے،پاناما پیپرز پر احتساب کا معاملہ ن لیگ والے کھینچتے جا رہے ہیں،پاناما پیپرز پر احتساب کا معاملہ ہم دو ہزار اٹھارہ تک نہیں جانے دیں گے،
اگر وزیر اعظم کا احتساب نہیں ہوگا تو ہم عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے۔


عمران خان نے کہا کہ میاں صاحب صرف چار سوالوں کا جواب دے دیں،میگا پراجیکٹس اس لئے بنائے جاتے ہیں تاکہ کرپشن کر کے پیسہ بنایا جائے، ہماری دعا ہے کہ وزیر اعظم صاحب جلد صحتیاب ہوں،وزیر اعظم کے بچوں کے مختلف بیانات نے ان کے لئے مشکلات کھڑی کیں۔

مزید خبریں :