10 جون ، 2012
لاہور…پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ ارسلان کیس میں سازش ہے یا نہیں،یہ فیصلہ تو منصف کریں گے،لیکن انسانی سوچ کی حد تک کہتاہوں کہ افتخار چودھری انصاف کی آخری امید ہیں،اگر اس منصف یا ادارے کو تباہ کر دیاگیا تو علی بابا اور 40 چور پنجے گاڑھ کرملک پر قابض ہو جائیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ نعیمیہ لاہورمیں سرفراز نعیمی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا،شہبازشریف نے کہاکہ علی بابا 40 چوروں کی وجہ سے پوری قوم شرم سار ہے،سپریم کورٹ کے بطورایک ادارہ اور منصف ہونے کے ناطے ہمیں اس کے ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے،شہباز شریف کاکہناتھاکہ قوم نے ڈوگر راج سے نجات کیلئے بہت قربانیاں دیں،رضا ربانی گواہ ہیں ۔اُن سے کہا گیاتھا کہ اپنے بڑے بھائی سے کہو کہ ڈوگر کورٹ کو 3 سال دے دیں،تو سارے کیس ختم ہو جائیں گے،مگرانہوں نے جواب دیا کہ وہ ڈوگرکورٹ کو طوالت دینے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ڈگڈگی کی بات کرنے والا یہاں آکر بندرتماشا کرے ،وہ خود ڈگڈگی بجائیں گے۔