کاروبار
14 جون ، 2016

خیبرپختونخوا کا 5 کھرب، 5 ارب کا بجٹ

خیبرپختونخوا کا 5 کھرب، 5 ارب کا بجٹ


خیبر پختونخوا کا 5کھرب 5ارب روپے کا بجٹ صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید نے پیش کردیا ہے ،جس میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ ، تعلیم کے لئے 111ارب 52کروڑ جبکہ زراعت کےلئے 3ارب 80کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔


صوبائی بجٹ2016-17 کےاجلاس کے دوران اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کی ،جس کے باوجود صوبائی وزیر نے بجٹ تقریر جاری رکھی ، بجٹ میں آئندہ
مالی سال کے اخراجات کا تخمینہ 505ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ آمدن بھی اتنی ہی متوقع ہے۔


مظفر سید کا کہناتھاکہ بجٹ میںمعذوروں افراد کے لئے 1ہزار ماہانہ الائونس رکھا ہے جبکہ گندم پر2 ارب 90 کروڑکی سبسڈی دی جائیگی، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے 40 ارب 91 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔


صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ انسانی وسائل کےفروغ پرسرمایہ کاری حکومت کی ترجیح ہے، حکومت نے تعلیم کے لیے 111 ارب 52 کروڑ روپے مختص کئے ہیں، موااصلات وتعمیرات کے لیے 3 ارب20 کروڑ روپےجبکہ پولیس کیلئے 32ارب 94کروڑ، آبپاشی کیلئے3ارب 42کروڑروپے اورزراعت کیلئے3 ارب 80 کروڑ روپے کی رقم بجٹ میں رکھی ہے۔


مظفر سید کا کہناتھاکہ نئے بجٹ میں ماحولیات و جنگلات کے لیے2 ارب روپے مختص کئے ہیں جبکہ فنی تعلیم و افرادی تربیت کیلئے 1ارب 97کروڑروپے اورکھیل وثقافت کیلئے 60کروڑروپےرکھے گئے ہیں۔

مزید خبریں :