10 جون ، 2012
لالہ موسیٰ … وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ارسلان افتخار کیس میں حکومت کا ہاتھ نہیں، پارلیمنٹ، عدلیہ اور فوج سمیت تمام اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ لالہ موسیٰ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کے ذمہ داروں کے خلاف عدالتی کمیشن بنانا چاہئے، پرویز مشرف دور میں ایک میگا واٹ بجلی بھی نہیں بنائی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابات وقت پر کرائے جائیں گے، بلدیاتی انتخابات کے بعد سب کو اپنی حیثیت کا پتاچل جائے گا ، شہباز شریف نے توانائی کے سمجھوتے پر کام نہ کر کے پنجاب سے غداری کی ،شریف برادران نے صوبائیت کا نعرہ لگا کر وفاق کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کے بیٹے ارسلان افتخار سے متعلق کیس میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں ، پیپلزپارٹی پارلیمنٹ، عدلیہ اورفوج سمیت تمام اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہے۔