پاکستان
11 جون ، 2012

پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں تاخیر ،بابر اعوان اور مسعود چشتی کو نوٹسز جاری

پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں تاخیر ،بابر اعوان اور مسعود چشتی کو نوٹسز جاری

اسلام آباد… سپریم کورٹ نے پنجاب میں نندی پور اور چیچوکی ملیاں پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں تاخیر پر وزارت قانون کے سابق وفاقی وزیربابراعوان اور سابق سیکریٹری مسعود چشتی کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ، عدالت کو بتایاگیا ہے کہ ایک پراجیکٹ سے خزانے کو 113 ارب روپے کا نقصان ہوا جو کہ ناقابل وصول ہوچکا ہے ۔ چیف جسٹس افتخارچودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پنجاب کے دو پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں تاخیر کے خلاف مسلم لیگ نون کے خواجہ آصف کی طرف سے دائر مقدمہ کی سماعت کی ، عدالت کی طلبی پر سیکریٹری خزانہ نہیں آئے تو چیف جسٹس نے اس پر برہمی کا اظہار کیا، خواجہ آصف نے کہاکہ پاور پراجیکٹس کی مشینری 2 سال سے کراچی پورٹ پر پڑی ناکارہ ہورہی ہے، منصوبے مکمل نہ ہونے سالانہ 62 ارب روپے کا نقصان ہوا،یہ اب ناقابل وصول ہوچکا ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ کمیشن رپورٹ کے مطابق نندی پور پراجیکٹ میں تاخیر سے خزانے کو 113 ارب روپے کا نقصان ہوا، بجلی لوڈشیڈنگ کے باعث مظاہرے ہورہے ہیں،ان منصوبوں نے 2011ء میں مکمل ہونا تھا، جسٹس جواد خواجہ نے کہاکہ امور قانون کے وزیراور سیکریٹری ایک سال تک فائلیں دباکر بیٹھے رہے، 113 ارب روپے کا نقصان کیسے پورا ہوگا، وزارت پانی و بجلی کے وکیل خواجہ طارق رحیم نے کہاکہ وزارت قانون کی غفلت کے باعث اربوں روپے کا نقصان ہوا، اب یہ معاملہ ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں زیرغور آئے گا،وزارت قانون کی پیش کردہ رپورٹ کے مطابق پاور پراجیکٹس کے رپورٹ بابراعوان اور مسعود چشتی کے پاس موجود رہی تھی، سپریم کورٹ نے بعد میں آرڈر میں ان دونوں کو نوٹس جاری کیا جبکہ خزانہ اور پانی و بجلی کی سیکریٹریز سے مشترکا بیان طلب کرتے ہوئے سماعت 20 جون تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :