11 جون ، 2012
لاہور… سپریم کورٹ بار کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر چودھری اعتزاز احسن نے کہاہے کہ اینکر پرسنز کی بھی اب علیحدہ جماعت ہو گئی ہے ، میڈیا کو سنسنی خیز خبریں نہیں بنانی چاہیئں جن سے عدلیہ کا وقار متاثر ہو، عدالت کو یہی فیصلہ کرنا ہے کہ یہ کیا سازش ہے ۔ لاہورہائیکورٹ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہاکہ ٹوئٹر پر ان کے نام کا اکاوٴنٹ بھی بنایا گیا ، کرسٹینا لیمب سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ،ٹوئٹر پر دیکھا کہ کرسٹینا لیمب کوئی اسٹوری بریک کریں گی ، اعتزاز احسن کا کہناتھاکہ ارسلان افتخار کو اپنے دفاع کا پورا حق ہے ، ملک ریاض کو اب عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑے گا ، اوربہت سی وضاحتیں کرنا ہوں گی،انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس نے رائے عامہ کو دیکھتے ہوئے ارسلان کیس سے علیحدگی اختیار کی ، اعتزاز احسن کاکہناتھاکہ دستاویزات دیکھ کر وہ پھوٹ پھوٹ کر نہیں روئے البتہ انہیں دکھ ضرور ہوا ۔ وزیراعظم کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم گیلانی نے تویہاں تک کہہ دیا کہ ان کے بیٹے کا کیس بھی چیف جسٹس سنیں۔