11 جون ، 2012
اسلام آباد… وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف ریفرنس بھیجنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی کے سوال کہ کیا چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس بھیجا جائے گا؟ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ارسلان افتخار کا معاملہ عدالت میں ہے وہ اس پر کوئی بات نہیں کر سکتے۔ اس سے قبل مسلم ممالک کے وائس چانسلر ز کے فورم سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ مسلمان ممالک مغربی دنیا کہ ایجادات کے محض صارف ہیں، مسلمانوں کو اب موجد بننا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات قابل تشویش ہے کہ آج تک صرف 9 مسلمان نوبل انعام حاصل کر سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دنیا کی ایک تہائی آبادی مسلمان ہے لیکن دینا کے جی ڈی پی میں ہمارا حصہ 12 فیصد سے بھی کم ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں تعلیم اور ریسرچ کے شعبے میں آنا ہوگا۔