11 جون ، 2012
جیکب آباد … جیکب آباد میں بروہی برادری نے پولیس کی مبینہ زیادتی کیخلاف بائی پاس پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور ٹریفک معطل کردی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی اورلاٹھی چارج کے دوران مظاہرین کے گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔ مولاداد تھانہ کی حدودمیں پولیس نے چند روز قبل مغوی کی بازیابی کیلئے بروہی برادری کے سردار حضور زہری کی رہائش گاہ پر چھاپا مار کر توڑ پھوڑ کی تھی تاہم مغوی کو بازیاب کرنے میں ناکام رہی، جس کے خلاف بروہی برادری کے سیکڑوں افراد نے آج بائی پاس پر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر شاہراہ کے دونوں اطراف ٹریفک معطل کردیا۔ پولیس کی بھاری نفری پہنچنے پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی اور مظاہرین نے پتھراوٴ شروع کردیا ۔ جس سے تین اہل کار زخمی ہوگئے، پولیس نے ہوائی فائرنگ ، شیلنگ اور لاٹھی چار ج کیا۔ پولیس نے 6 سے زائدافراد کوزخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔