پاکستان
26 جون ، 2016

مدرسہ حقانیہ کی امداد دہشتگردی کیخلاف جنگ کو کمزورکریگی،آصف زرداری

مدرسہ حقانیہ کی امداد دہشتگردی کیخلاف جنگ کو کمزورکریگی،آصف زرداری

 


سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے مدرسہ حقانیہ کی امداد دہشت گردی کے خلاف جنگ کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔


سابق صدر آصف علی زرداری نے کا کہنا ہے کہ طالبان سے قربت رکھنے والے مدرسے کو 30 کروڑ کی خطیر رقم دینا عسکریت پسندی اور طالبان کو جواز فراہم کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں۔


انہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں قائم دارالعلوم حقانیہ کے سربراہ نا صرف طالبان کے ہمدرد ہیں بلکہ طالبان کے غیراعلانیہ ترجمان بھی ہیں، دارالعلوم حقانیہ نجی جہاد کو فروغ دینے کے لئے مشہور ہے، یہ مدرسہ اسلام کو جنگجویانہ انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرتا ہے۔


سابق صدر کا کہنا تھا کہ یہ قوم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو کمزور کرنا ہے، دارالعلوم حقانیہ کو 30 کروڑ روپے اس وقت دیے گئے، جب طالبان کا ایک دھڑا کراچی میں معروف قوال امجد صابری کے قتل کی ذمہ داری قبول کررہا تھا۔


انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ متعدد عسکریت پسند طالبان لیڈر اسی مدرسے کے طالب علم رہے، ملا منصور اختر کی بلوچستان میں ہلاکت کے بعد یہ محسوس ہو رہا ہے کہ کچھ گروہ دوبارہ سے جہادی پروجیکٹ کو زندہ کر رہے ہیں۔


زرداری نے کہا پچھلے دنوں جہادی اور مذہبی تنظیموں نے ملا منصور کی ہلاکت پر اسلام آباد میں احتجاجی جلسہ کیا اور اب ایک نجی طالبان کے حمایتی مدرسے کو 30کروڑ روپے دے دیے گئے، جبکہ نیشنل ایکشن پلان کالعدم تنظیموں کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیتا۔

مزید خبریں :