12 جون ، 2012
نیویارک…اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے میجر جنرل یونگ بوم چوائی کو بھارت اور پاکستان کے بارے میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے مشن کا نیا سربراہ مقرر کردیا۔ اس بات کا اعلان نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نے کیا۔میجر جنرل چوائی یوراگوائے سے تعلق رکھنے والے میجر جنرل گلوڈ ٹڈوف سکائی کی جگہ لیں گے جو 15جون کو اپنے عہدے کی معیاد پوری کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے بھارت اور پاکستان کے بارے میں فوجی مبصرین کے مشن کو تنازعہ کشمیر کے بعد جنوری 1949ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی نگرانی کیلئے تعینات کیا گیا تھا۔ 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے بعد اقوام متحدہ کا فوجی مبصرین کا مشن سیز فائر کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔گروپ میں 42فوجی مبصرین شامل ہیں جبکہ ان کی معاونت کیلئے 23بین الاقوامی اور 48مقامی سویلین سٹاف شامل ہیں۔ فوجی مبصرین کا تعلق چلی‘ کروشیا‘ فن لینڈ‘ اٹلی‘ فلپائن‘ جنوبی کوریا‘ سویڈن اور یوراگوائے سے ہے۔