12 جون ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ میں ارسلان افتخار ازخود نوٹس کیس کی سماعت جاری ہے اور جسٹس جواد خواجہ اور جسٹس عارف خلجی پر مشتمل دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ کمرہ عدالت کھچا کچھ بھرا ہوا ہے اور وکلاء کی بڑی تعداد کیس کی کارروائی دیکھنے کیلئے موجود ہے جبکہ ملک ریاض، علی ریاض اور ڈاکٹر ارسلان بھی موجود ہیں۔ کیس کی سماعت کی ابتداء پر عدالت نے ملک ریاض کا جواب منگوایا جس پر ان کے وکیل زاہد بخاری نے کہا کہ جواب داخل کر دیا گیا ہے۔ سماعت میں جسٹس جواد خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ حکم کی تعمیل تو نہیں، عدالت کی تعمیل ہو تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں۔ جسٹس جواد نے استفسار کیا کل پوچھا تھا کہ کون سا قانون لاگو ہوتا ہے، اس پر سردار اسحقٰ نے بتایا کہ پاکستان پینل کوڈ کی 120بی، 163، 116لاگو ہوتی ہیں۔ اسی دوران ایف بی آر نے بھی اپنا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے دو صحافیوں غلام نبی یوسفزئی اور خوشنود علی خان کو بھی میڈیا کے ضابطہ اخلاق جاننے کیلئے روسٹرم پر بلوالیا۔