30 جنوری ، 2012
لاہور… ناقص ادویات کے معاملے پر گرفتار پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایم ایس ڈاکٹر سلیم جعفر کو رہا کر دیا گیا۔ ادھر پنجاب حکومت سے مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم جعفر کو ایف آئی اے نے گزشتہ روز گرفتار کیا تھا انہیں آج دو دن کی شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر سلیم جعفر کو دو روز بعد دوبارہ ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش ہونا ہو گا۔دوسری جانب حکومت نے ینگ ڈاکٹرز کو یقین دہانی کرا دی کہ انکوائری کے بغیر کسی ڈاکٹر کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی، جس کے بعد ہڑتال کی کال واپس لے لی گئی۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ڈاکٹر ناقص ادویات کے معاملے میں ذمہ دار پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے، انہیں اعتراض نہیں ہو گا۔