پاکستان
11 جولائی ، 2016

ابرار پر فائرنگ ایس پی سی ٹی ڈی کی پارٹی نے کی،پولیس

ابرار پر فائرنگ ایس پی سی ٹی ڈی کی پارٹی نے کی،پولیس


کراچی کی سندھی مسلم سوسائٹی میں فائرنگ کرکے ابرار کو ہلاک کرنے والوں کا پتہ جیو نیوز نے لگالیا، فیروز آباد تھانے کی موبائل کے افسر اے ایس آئی محمد رحیم نے تحریری بیان میں بتادیا ہے کہ ابرار پر فائرنگ کرنے والوں نے اپنا تعلق ایس پی سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کی پارٹی سے بتایا۔


فیروز آباد تھانے کی موبائل کے افسر اے ایس آئی محمد رحیم نے تحریری بیان دیدیا، محمد رحیم کا بیان میں کہنا ہے کہ قاضی چوک پر پہنچا تونیلے رنگ کی پولیس موبائل بغیر نمبر پلیٹ کھڑی تھی، موبائل کے پاس ہی 2 آدمی سادہ کپڑوں میں کھڑے ہوئے تھے، ایک کے پاس ایس ایم جی دوسرے کے پاس پستول تھا۔


اے ایس آئی رحیم کا بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ سادہ کپڑوں میں پولیس والوں سے پوچھا آپ کون سے تھانے سے آئے ہیں، تو پستول پکڑے پولیس والے نے جواب دیا ہم عمر خطاب کی پارٹی سے ہیں۔ دونوں زخمیوں کے لیے فائرنگ کرنے والوں نے کہا کہ یہ ڈاکو ہیں، دونوں زخمیوں کو موبائل میں ڈال رہا تھا کہ سادہ کپڑوں والے فرار ہونے لگے، میں شور مچاتے ہوئے ان کے پیچھے بھاگا مگر وہ فرار ہوگئے، میں نے پیچھے دیکھا تو پولیس موبائل کے پیچھے کی نمبر پلیٹ بھی نہیں تھی۔


 

مزید خبریں :