14 جولائی ، 2016
سندھ رینجرز نے لاڑکانہ میں پیش آنے والے واقعے پر بیان جاری کردیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں اور اسنیپ چیکنگ کے دوران12ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گزشتہ رات لاڑکانہ میں مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے رینجر ز نے اسدکھرل نامی شخص سے پوچھ گچھ کی اور اسی دوران ملزم کے بعض بااثر ساتھیوں نے رینجرز اہلکاروں کے فرائض میں رکاوٹ ڈالی۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ اسد کھرل جرائم پیشہ عناصر کی معاونت میں ملوث ہے، جن میں سے 8 ملزمان کے سروں کی قیمت مقرر اور 12 مفرور ملزمان شامل ہیں۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ سندھ رینجرز نے لاڑکانہ واقعے کا نوٹس لیا ہےاور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب رینجر زنے پی آئی بی ،منگھوپیر اور پٹیل پاڑہ میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 6ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں 3کا تعلق کالعدم تنظیم،2اسٹریٹ کرمنل اور ایک سیاسی جماعت سے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ بلدیہ اور حب ریورروڈ پر اسنیپ چیکنگ کےدوران بھی 6ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔