16 جولائی ، 2016
ترکی کے صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ پولیس،جمہوریت پسندفوج اورعوام نےنکل کربغاوت ناکام بنادی، ملک اور جمہوریت کے خلاف سازش کی گئی تھی۔کہیں نہیں جارہا ، عوام کے درمیان موجود رہوں گا۔پہلےبھی عوام کی خدمت کی،اب بھی عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔
استنبول میں خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ صورتحال پرقابوپالیاگیا ہے،باغیوں نےمختلف علاقوں میں طیاروں سےبمباری کی ، یہ طیارےملک کی حفاظت کے لیےتھے،عوام کےخلاف استعمال کرنےکے لیے نہیں تھے۔
ترک صدر نے کہا کہ عوام کی خدمت کاموقع ملاہے اوراس سےبھرپورفائدہ اٹھائیں گے۔انہوںنے کہا کہ ملک اور جمہوریت کے خلاف سازش کی گئی تاہم آج کا ترکی پہلے سے مختلف ہے۔ملکی یکجہتی اوراتحادکےخلاف بغاوت کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔ بغاوت کے خلاف لاکھوں افراد سڑکوں پر جمع ہیں۔
طیب اردوان نے کہا کہ بغاوت کرنے والوں کا تعلق خواہ کسی ادارے سے ہو انہیں مناسب جواب دیا جائے گا۔باغیوں کو بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی، باغی گروپ نےآرمی چیف کوبھی یرغمال بنایا۔
انہوںنے کہا کہ کچھ فوجی پنسلوینیاسے احکامات لے رہے ہیں، جو گولن کا گھر ہے۔ فوجیوں کی گرفتاری جاری ہے جو بڑے افسروں تک جائے گی۔
ترک صدر نے کہا کہ کچھ لوگ ملک کو ترقی کرتا دیکھنا نہیں چاہتے، پولیس، جمہوریت پسند فوج اور عوام نے مل کر اس سازش کو ناکام بنادیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترک فوج کو باغیوں سے پاک کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
قبل ازیں ترک صدر طیب ایردوان کی استنبول ایئرپورٹ آمد پر عوام کی بڑی تعداد نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔