24 جولائی ، 2016
لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے موسم سہانا ہوگیا ،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل اسلام آباد، پنجاب ، خیبر پختونخوا ،بلوچستان ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہوگی ۔
لاہور میں آدھی شب کہیں ہلکی ، کہیں موسلادھار بارش سے شہر کا موسم انتہائی سہانا ہو گیا ، نصف شب گزرتے ہی آسمان پر یکایک گہرے بادل چھا گئے ،بوندا باندی شروع ہوئی جو پہلے ہلکی اور پھر رم جھم موسلادھار بارش میں بدلتی چلی گئی ۔
لاہور میںبارش کے باعث ٹھنڈی ہوائیں بھی چلیں توشہرکا موسم دلکش ،سہانا ہو گیا ،درختوں اور پودوں کی تازگی بھی لوٹ آئی ،شدید بارش کے باعث سڑکوں پر پانی بہہ نکلا ،باران رحمت سے گرمی کا زور ہی نہیں ٹوٹا ،فضا میں چھایا حبس بھی جاتا رہا۔
محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں آج اور کل وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی خوشخبری سنائی ہے اور ساتھ ہی بتایا کہ سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔