31 جولائی ، 2016
تحریک انصاف نے 7 اگست سے وزیراعظم کے احتساب کے لیے پشاور سے تحریک شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، نعیم الحق کہتے ہیں ملک بھر میں ہر ہفتے مارچ کرینگے جس کی قیادت عمران خان خود کرینگے۔
تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کے اجلاس کے بعد بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق نے بتایا کہ 7 اگست کو وزیراعظم کے احتساب کے لیے تحریک کا آغاز پشاور سے ہوگا جس کی قیادت خود عمران خان کرینگے۔
نعیم الحق کا کہنا تھا تحریک انصاف 6 اگست کو ٹی او آر کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوگی،کمیٹی میں حکومتی رویہ دیکھ کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
ترجمان تحریک انصاف نے بتایا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں نئے تنظیمی عہدوں کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان جلد ہو جائیگا، انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت بھی کی۔
عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں جہانگیر ترین، شیریں مزاری،سیف اللہ نیازی، اسد قیصر، چوہدری سرور سمیت دیگر شریک ہوئے۔