31 جولائی ، 2016
پنجاب کےوزیراعلیٰ محمدشہباز شریف نے لاہورکے جنرل اسپتال کا اچانک دورہ کرکے صفائی کے ناقص انتظامات پراسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی ،ان کا کہناہے کہ یہ اسپتال انسانوں کےلیے ہیں، جانوروں کےلیے نہیں ۔
وزیراعلیٰ پنجاب اچانک بغیرپروٹوکول جنرل اسپتال پہنچ گئے، انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے شکایات دریافت کیں۔
شہباز شریف نےواش رومز میں صفائی کے ناقص انتظامات ،ہاتھ دھونے کےلیے صابن کی عدم دستیابی،وارڈزکی ناقص صفائی اوربیڈ شیٹس پر دھبےدیکھ کر اسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی،ان کاکہنا تھا کہ اسپتال غریب مریضوں کے علاج معالجے کیلئے بنائے گئے ہیں ،یہاں انسان آتےہیں ،حیوان نہیں۔
وزیراعلیٰ دیواروں کی خراب حالت اوربجلی کے کھلے سوئچ بورڈ دیکھ کربھی برہم ہوئے اور ڈاکٹر ز کے گاوٴن نہ پہننے پربھی ناراضگی کا اظہار کیا ،انہوں نے واش رومز کی غیر معیاری تعمیر اوردیواروں کی خستہ حالی کی انکوائری کاحکم بھی دیا ۔