31 جولائی ، 2016
مفتی عبدالقوی نے قندیل قتل کیس کے تیسرے ملزم سے تعلق کی تردید کردی، کہا کہ عبدالباسط سے رشتے داری تو کیا اس کے خاندان کو بھی نہیں جانتا۔
قندیل قتل کیس میں ملوث مرکزی ملزم وسیم اور کزن حق نواز کو ٹیکسی کی سہولت فراہم کرنے والے ڈرائیور باسط نے تفتیشی حکام کو بیان دیا ہے کہ وہ مفتی عبدالقوی کے ماموں کا بیٹا ہے۔
مفتی عبدالقوی کہتے ہیں کہ باسط سے رشتے داری تو کیا وہ اس کے خاندان کو بھی نہیں جانتے، انہوں نے پولیس کی جانب سے بھیجے گئے سوال نامے کے جوابات مکمل کرلیے ہیں جو وہ کل پولیس حکام کو بھجوائیں گے۔
مفتی عبدالقوی نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیس کے سوالنامے کے 13 صفحات پر مشتمل جوابات تیار کرکے میڈیا کو دکھائے۔ انھوں نے قندیل سے ہونے والی ملاقات ، اپنی تعلیمی اسناد اور اپنے خاندان کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے صفحہ نمبر 4 پر اپنے تحریری بیان میں لکھا کہ قریشی ملا خاندان ان کے رشتے دار وں کا سسرالی رشتے دار ہے، لیکن جب ان سے قریشی ملا خاندان کے ٹیکسی ڈرائیور باسط کے بارے میں سوال کیا گیا کہ کیا وہ آپ کے ماموں کا بیٹا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ نہ تو وہ باسط کو جانتے ہیں اور نہ ہی ان کے خاندان کو۔
مفتی عبدالقوی کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کے بھیجے گئے سوالنامے کے جوابات پیر کو پولیس کے اعلیٰ حکام کو جمع کرادیں گے۔