01 اگست ، 2016
وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر سینیٹرسعید غنی کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ آج یا کل حل کرلیا جائے گا، تبدیلی آگئی ہے ، جو وزرا وقت پرنہیں پہنچے،ان سے بازپرس کی جائےگی،قائم علی شاہ سینیٹر شپ کا انتخاب نہیں لڑیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے محنت سینیٹر سعید غنی نے سندھ سیکریٹریٹ میں واقع محکمہ کے دفتر پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز اختیارات اور قیام سے متعلق معاملات ایک دو روز میں حل ہوجائینگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر سے کرپشن کے ناسور کو بھی ختم کیا جائیگا۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ جو وزراء وقت پر دفتر نہیں پہنچے، ان سے باز پرس کی جائیگی اور وقت پر حاضری کوہر ممکن یقینی بنایا جائیگا ، اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی سندھ سیکریٹریٹ پہنچے اور عملے کی حاضری چیک کی اوردیر سے پہنچنے والے افسران اور ملازمین کی سرزنش کی ۔
وزیرا علیٰ کے سندھ سیکریٹریٹ کے دورے پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد وسیم نے ان کا استقبال کیا جبکہ ایم پی اے منظور وسان نے وزیر اعلیٰ سے ون آن ون ملاقات کی۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی نے وزیر اعلیٰ کو سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ سے متعلق بریفنگ دی۔