01 اگست ، 2016
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں دو ڈاکوؤں کو مارنے والا شہری تھانے پہنچ گیا۔ اسٹیٹ ایجنٹ یاسر نے دکان میں لوٹ مار کرتے ڈاکوؤں کو للکارا تو انہوں نے گولی چلادی ۔ یاسر نے اپنا پستول نکال کر فائر کیے اور دونوں ڈاکو ئوںکومارڈالا ۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں گزشتہ روز دکان میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کو ہلاک کرنے والے شہری نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔
ناظم آباد ایک نمبر پر دو ڈاکوؤں کو فائرنگ کرکے مارنے والے اسٹیٹ ایجنٹ یاسر جمیل نے خود تھانے پہنچ کر اپنا بیان ریکارڈ کروادیا۔پولیس کے مطابق اسٹیٹ ایجنٹ یاسر جمیل نے ملزمان کو دکان لوٹتے دیکھا تو انھیں للکارا جس پر ملزمان نے یاسر پر 3 گولیاں فائر کیں۔
یاسر نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے ملزمان پر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان ہلاک ہو گئے۔ ڈکیتی اور فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا۔