پاکستان
01 اگست ، 2016

سائبر کرائم بل کی تیاری ،امریکی سفارتی حکام کی شرکت کا انکشاف

سائبر کرائم بل کی تیاری ،امریکی سفارتی حکام کی شرکت کا انکشاف


سائبر کرائمز بل تیار کرنے والی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں امریکی سفارتی حکام کی شرکت کا انکشاف ہوا ہے، چیئرمین سینیٹ نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔


سینیٹ نے 29 جولائی کو الیکٹرنک جرائم کی روک تھام کے بل 2016 ءکی متفقہ طور پر منظوری دی ، جیو نیوز کو اعلیٰ سطح کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سائبر کرائمز بل کی تیاری کے حوالے سے اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور سینیٹ قائمہ کمیٹی کے عوامی سماعت سے متعلق اجلاس میں امریکی سفارتی حکام بھی شریک ہو گئے۔


قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید نے بھی اس کی تصدیق کی ہے ، کہتے ہیں امریکی سفارتی حکام این جی اوز کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس میں آئے تھے ، ان سے جب پوچھا کہ آپ کیوں آئے ہیں تو امریکی سفارتی حکام نے کہا وہ بطور مبصر آئے ہیں۔


چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے معاملے کی تحقیقات شروع کرا دی ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سفارتی حکام کیسے اور کس کی اجازت سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے ؟


ذرائع کے مطابق مقامی این جی اوز کی مدد سے سائبر کرائمز بل کی منظوری رکوانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پر سخت دباؤ بھی ڈالا گیا۔


 

مزید خبریں :