04 اگست ، 2016
سعودی عرب میں 8ہزار پاکستانی کارکن پھنس گئے ،ان کے پاس واپسی کا کرایہ بھی نہیں ہے، ملازمت پر رکھنے والوں نے انہیں تنخواہ نہیں دی، وزیراعظم نوازشریف نے نوٹس لے لیا۔جس کے بعد مسئلے کے حل کے لئے پاکستانی حکومت نے اقدامات تیز کر دئیے ، جدہ میں دوبڑے کیمپوں میں کھانے کی فراہمی بحال کردی گئی۔
پاکستانی سفیر نے دمام میں پاکستانیوں کے کیمپ کادورہ کیا۔ دفترخارجہ کے مطابق جدہ میں دوبڑے کیمپوں میں کھانے کی فراہمی بحال کردی ۔ باقی تین کیمپوں میں مقیم افراد کونقد رقم دی جائے گی ۔
ادھر اوورسیز پاکستانیوں کے وفاقی وزیر پیر صدرالدین راشدی کا کہنا ہے کہ سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ایک ہفتے میں یہ مسئلہ حل ہوجائے گا ، انھوں نے کہا کہ وہ خود منگل یا پیر تک سعودی عرب جائیں گے جو پاکستانی واپس آنا چاہتے ہیں انھیں واپس لایا جائے گا ۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر منظور الحق نے بھی جدہ میں پاکستانیوں کے کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مزدوروں کو کھانے پینے کے لیے200 ریال دیے جار ہے ہیں۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے منظور الحق کا کہنا تھا کہ سعودی انتظامیہ نے کارکنوں کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے ،جو پاکستان واپس جانا چاہتے ہیں انھیں بھیجنے کے انتظامات کئے جائیں گے اور قانونی مدد بھی فراہم کی جائے گی ۔
سعودی عرب میں پھنسے ہزاروں پاکستانیوں سے متعلق میڈیا رپورٹس پر وزیر اعظم نواز شریف نے نوٹس لیا تھا۔ اور فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی تھیں ۔
ادھر بھارتی وزیرمملکت نے بھی سعودی وزیر محنت سے ملاقات کی اور بھارتی محنت کشوں کا معاملہ اٹھایا۔